ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی کے کارکلا میں مسلم شخص پر مبینہ بجرنگ دل کارکنوں کا حملہ؛ حملہ آوروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے پولس تھانہ کا گھیرائو

اُڈپی کے کارکلا میں مسلم شخص پر مبینہ بجرنگ دل کارکنوں کا حملہ؛ حملہ آوروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے پولس تھانہ کا گھیرائو

Fri, 05 Jan 2018 00:46:58    S.O. News Service

اُڈپی 4/جنوری (ایس او نیوز)  ضلع کے کارکلا میں ایک مسلم شخص  پر مبینہ طور پر بجرنگی کارکنوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں  مسلم شخص شدید زخمی ہوگیا ہے، اور اسے مقامی اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔ مسلم شخص پر حملہ کرنے کی خبر پھیلتے ہی کافی تعداد میں لوگ کارکلا پولس تھانہ کے باہر جمع ہوگئے اور پولس سے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ جمعرات شام کو مبینہ طور پر بجرنگ دل کے کچھ کارکن بنگل گُڈے نامی مقام پر  میلاد النبی کے بینروں کو نکال رہے تھے، اس دوران  محسن نامی ایک شخص اُدھر سے گذررہا تھا، بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی اُنہوں نے محسن کو قریب سے گذرتے ہوئے دیکھا، اُنہوں نے اس پر حملہ کردیا اور اسے شدید زخمی کردیا۔ بظاہر حملہ کی کوئی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

35سالہ زخمی محسن کارکلا کے پولکیری کا رہنے والا ہے، جس پر چھ لوگوں نے حملہ کیا تھا۔

پولس تھانہ میں بھاری عوام کو دیکھتے ہوئے ضلع کے ایس پی لکشمن نمبارگی سمیت پولس کے اعلیٰ حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے اور ٹائون کے ایک کونسلر کی مدد سے دونوں کمیونٹی کے درمیان بات چیت کے  ذریعے حالات کو قابو میں کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

کارکلا پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس چھان بین کررہی ہے۔


Share: